عدالت نے پی سی ایس آئی آر سے شہر میں سموگ ٹاور کی تنصیب کے حوالے سے آئندہ ہفتہ رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 23 ستمبر 2021 22:16

لاہور۔23ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) :لاہورہائیکورٹ نے زیر زمین پانی کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی روک تھام کے لیے دائر درخواست پر  پی سی ایس آئی آر سے شہر میں سموگ ٹاور کی تنصیب کے حوالے سے آئندہ ہفتہ رپورٹ طلب کرلی ۔ عدالت نے سیکرٹری ماحولیات کو تفصیلی سموگ ایکشن پلان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ  سماعت پر ڈی جی پی ایچ اے کو بھی درختوں کی کٹائی کے متعلق رپورٹ سمیت طلب کرلیا. لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے  فاروق کی درخواست پر سماعت کی ۔

دوران سماعت فوکل پرسن جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن سید کمال حیدر ایڈوکیٹ نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل کمیشن نے شہر میں ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والی 305 انڈسٹریز اور سٹیل ملوں کو نوٹسز جاری کردیئے انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ غیر معیاری فیول کے استعمال کو فوری روکنے جبکہ سموگ سیزن شروع ہونے سے فیکٹریوں اور صنعتوں کو ائیر پالوشن کنٹرول ڈیوائسز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں عدالت کو بتایا گیا کہ سیکرٹری ماحولیات کو سات روز میں سموگ ایکشن پلان برائے سال2022-2021مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز نے عدالت کو بتایا  کہ گاڑیوں سے پیداشدہ آلودگی کے خاتمے کے لئے پروگرام شروع کرنے کے لئے چیئرمین واٹر کمیشن کی زیر صدارت اجلاس ہوگاجس میں جنرل منیجر وہیکل اینڈ سرٹیفکیٹ سسٹم سمیت دیگر شریک ہوں گے۔ عدالت نے فوڈ اتھارٹی کو قبضے میں لیا گیا مضرصحت فوڈ اٹیمز کو ماحولیاتی قوانین کے مطابق تلف کرنے اور سیکرٹری ماحولیات کو تفصیلی سموگ ایکشن پلان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئندہ  سماعت پر ڈی جی پی ایچ اے کو درختوں کی کٹائی کے متعلق رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں