ڈراموں اور اشتہارات میںنا مناسب مناظر سے متعلق پیمرا کے نوٹیفکیشن کے خلاف پانچ صفحات پر مشتمل عبوری حکم جاری

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے ڈراموں اور اشتہارات میںنا مناسب مناظر سے متعلق پیمرا کے نوٹیفکیشن کے خلاف پانچ صفحات پر مشتمل عبوری حکم جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وفاقی حکومت ،پیمرا اور تمام فریقین دس روز میں درخواست پر شق وار جواب جمع کرائیں ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے شہری رانا قیصر محمود کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکم جاری کیا ۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جواب پیش کیا جائے ۔ فاضل عدالت نے کہا ہے کہ پیمرا کو سنے بغیر نوٹس کو فوری معطل یاحکم امتناعی جاری نہیں کیا جا سکتا ۔ پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو بھجوائے گئے نوٹس کی معطلی کا معاملہ آئندہ سماعت پر دیکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نے ٹی وی ڈراموں اور اشتہارات میں رومانوی مناظر کو روکنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ،پیمرا کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی اور پیمرا آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے ،پیمرا کے پاس ٹی وی چینلز کو ایسی ہدایت دینے کا کوئی اختیار نہیں ،پیمرا کا اقدام بدنیتی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی ہے ،پیمرا کی جانب سے ایسی ہدایت جاری کرنا ذہنی بیماری کی عکاسی کرتا ہے ۔

مطالبہ ہے کہ پیمرا کی جانب سے پابندی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیاجائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں