ثیاعظیم ہسپتال میں دو روزہ فری شوگر کیمپ کا انعقاد

کیمپ کا مقصد لوگوں میں موذی مرض کی بروقت آگاہی اور اس کا علاج ہی: ذکر اللہ مجاہد

منگل 30 نومبر 2021 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) صدرگورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ثریا عظیم ہسپتال میں غریب اور مستحق لوگوں کے کیلئے فری شوگر کیمپ کا بنیادی مقصد لوگوں میں موذی مرض کی بروقت آگاہی اور اس کا علاج ہے۔ کیمپ میں مفت شوگر، یورک ایسڈ، کیلشیئم کے ٹیسٹ، معائنہ اور مفت ادویات مریضوں کو دی جارہی ہیں۔

سینکڑوں شہری شوگر سے متعلق ماہر ڈاکٹروں کے مفت مشوروں اور علاج معالجہ سے مستفید ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم ہسپتال میں دو روزہ فری شوگر کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتتاح کے موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمودالاحد، سیکرٹری گورننگ باڈی چوہدری افتخار احمد،ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر محمود اختر رانا، ثریا عظیم انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر فیاض احمد فیضی، نگران کیمپ ڈاکٹر عبدالجبار شاکر،عبداللہ حارث، حسام سعید، شہزاد سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

(جاری ہے)

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شوگرروز بروز بڑھنے والا ایسا مرض ہے جومسلسل لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ دنیا میں شوگر کی بیماری سے ہر دس سیکنڈ میں ایک شخص کی موت واقع ہو رہی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے ہونے والی 80 فیصد اموات کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے بھی زیادہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس مرض سے بچاؤ کے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو 2030 تک ذیابیطس دنیا کی ساتویں بڑی جان لیوا بیماری بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریض بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے معمول کے مطابق زندگی بسر کرسکتے ہیں۔ ثریا عظیم ہسپتال خدمت خلق کے اس سفر کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھے گا۔ امیر لاہور نے کہا کہ ثریاعظیم ہسپتال میں شوگر فری کیمپ کے انعقاد پر کیمپ ڈونراور ہسپتال انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں