صوبائی محتسب پنجاب نے گورنر کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

جمعرات 30 مارچ 2023 22:00

صوبائی محتسب پنجاب نے گورنر کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو صوبائی محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان نے جمعرات کو گورنر ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب میں ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ2022 پیش کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان ، سپیشل سیکرٹری ٹو گورنرپنجاب عمر سعید، صوبائی سیکرٹریز ، محتسب پنجاب کے ایڈوائزر اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ عام لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے قابل قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اچھے کام کے لیے محتسب پنجاب اور ان کی ٹیم کو سراہتا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ محتسب پنجاب کا ادارہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا احسن طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی مختلف اداروں سے متعلق شکایات کے حل کے لیے محتسب پنجاب کے ادارے کی مکمل ڈیجٹلائزیشن اور اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے موبائل ایپ جیسے اقدام قابل تعریف ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ محتسب پنجاب کے ادارے میں وقت گزرنے کے ساتھ بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سسٹم اور فریم ورک کو مضبوط کرنا ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب محتسب کے ادارے کے ڈیٹا کی بنیاد پر مختلف اداروں میں فیڈبیک میکننزم کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر صوبائی محتسب پنجاب میجر)ر(اعظم سلیمان خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محتسب آفس کوسال 2022 میں کل 31149شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 96فیصد شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شکایات کونمٹانے کا تناسب کسی بھی سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا ہے۔

صوبائی محتسب نے کہا کہ شکایات کنندگان اور حکومت پنجاب کو مجموعی طور پر13.842 بلین روپے کا ریلیف ملاہے جبکہ 29363 کنال سرکاری اور پرائیویٹ اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا ۔صوبائی محتسب پنجاب نے کہا کہ محتسب آفس کومکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رہنمائی اور شکایات کے ٹیلیفونک اندراج کیلئے 7/24 ڈیجیٹل ہیلپ لائن 1050 کو متعارف کروایا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانی حکومت پنجاب کے محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے دفتر محتسب پنجاب کو اپنی شکایت موبائل ایپ یا ویب سائٹ www.ombudsmanpunjab.gov.pk پر بھی درج کروا سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں