نوجوان نسل کو منشیات کے لت سے محفوظ رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری

24 گھنٹوںمیںمنشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 486 ریڈز ، 217 مقدمات درج، 220 ملزمان گرفتار‘ ترجمان پنجاب پولیس

جمعہ 29 مارچ 2024 18:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے اور نوجوان نسل کو منشیات کے لت سے محفوظ رکھنے کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوزکی زیر نگرانی صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 486 ریڈز کی گئیں، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کے خلاف 217 مقدمات درج کئے گئے اور 220 ملزمان گرفتار ہوئے ، ملزمان کے قبضے سے 175 کلوگرام چرس، 2 کلو 865 گرام آئس، 326 گرام ہیروئن، 05 کلو افیون، 2423 لٹر شراب برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ 32 روزکے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانے پر 8581 ریڈز کی گئیں،منشیات کے بڑے سوداگروں کے خلاف 4346 مقدمات درج کرتے ہوئے 4740 ملزمان کوگرفتارکیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 3385 کلو گرام چرس، 18 کلو آئس، 61 کلو ہیروئن ،170 کلو گرام افیون اور 49374 لٹر شراب برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز، ڈیلرز سمیت تمام ملزمان کو پابند سلاسل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ آئس، شیشہ اور دیگر فلیورڈ ڈرگ بیچنے والوں کے خلاف ترجیحی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں