نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں،معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید تربیت کو ترجیح دی جائیگی‘خواجہ سلمان رفیق

بیماریوں پر قابو پانے کیلئے تشخیص پر بھی کام ہو رہا ہے،یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری لا رہے ہیں‘وزیر صحت پنجاب

جمعہ 19 اپریل 2024 17:08

نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں،معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید تربیت کو ترجیح دی جائیگی‘خواجہ سلمان رفیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نیشنل سنٹر فار ہیلتھ کیئر ورکرز یو ایس اے کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری نرسنگ عثمان خالد، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور مینجر مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن پی ایچ آئی ایم سی حسنات احمد موجود تھے۔

وفد میں چیئرمین شہاب تنویر، ایاز راؤ، سابق رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم، سلیم زعفران، محمد سکندر علی جرال، ایڈووکیٹ رشدہ لودھی، ڈاکٹر رضوان، پروفیسر مقصود و دیگر نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وفد کے درمیان نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات، شعبہ نرسنگ کی بہتری اور صحت کارڈ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

وفد کے ممبران نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی نظام صحت کیلئے کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور نیشنل سنٹر فار ہیلتھ کیئر ورکرز USA کا نظام صحت کی بہتری کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق ہوا۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔

پنجاب میں نرسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید تربیت کو ترجیح دی جائے گی۔ نرسنگ کے شعبہ کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بیماریوں پر قابو پانے کیلئے تشخیص پر بھی کام ہو رہا ہے۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری لا رہے ہیں۔ نظام صحت کی بہتری کیلئے ہمیں آؤٹ آف دی بوکس حل تلاش کرنے ہوں گے۔

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کروا رہے ہیں۔ میاں شہباز شریف کی قیادت میں 2017 میں سنٹرل انڈیکشن پالیسی متعارف کروائی گئی تھی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کے حالات بہتر کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ بنیادی مراکز صحت کو کھنڈرات سے بدل کر ہسپتالوں کی شکل میں لانا چیلنج ہے۔

اگلے ایک سال میں سرکاری ہسپتالوں کے حالات انشاء اللہ بہت بہتر ہوں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بنیادی مراکز صحت کی بہتری کیلئے چالیس ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس شروع کروانا چاہتے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کا ہمیشہ فائدہ عوام کو ہی ہوتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں فنانشل ماڈل لانا چاہتے ہیں۔

وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا۔پنجاب میں بہت جلد کلینک آن ویلز کے منصوبے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت میں سو فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو مزید فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کو حادثات میں واضح کمی لانے کیلئے روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی ۔

چیئرمین نیشنل سنٹر فار ہیلتھ کیئر ورکرز یو ایس اے شہاب تنویر نے کہاکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی نظام صحت کی بہتری کیلئے کاوشوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب سے مکمل تعاون کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں