پنجاب پولیس نے ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان فائنل کر لیا ، 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے

2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس، 1081 حساس قرار دیئے گئے ہیں‘ ترجمان پنجاب پولیس

جمعہ 19 اپریل 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے پرعزم ہے اور متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ 14 قومی و صوبائی حلقوں پر منعقدہ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس جبکہ 1081کوحساس قرار دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز کو حق رائے دہی کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، 663 مردانہ، 649 زنانہ، 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز، الیکشن کمیشن عملے کو بھرپور سکیورٹی دیں گے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے ، لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ سنٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی، اضلاع کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے بھی پولنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فورس مکمل پر اعتماد ہے، انشاء اللہ پرامن اور محفوظ ضمنی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، متعلقہ اداروں کی مشاورت سے الیکشن سکیورٹی، لاجسٹکس، کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن پلان مرتب ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ امن متاثر کرنے کی دہشت گردوں، ملک دشمن عناصر کی تمام بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنا دیں گے، پنجاب کانسٹیبلری، پی ایچ پی، ایلیٹ، ایس پی یو اور ٹریننگ برانچ میں تعینات اہلکار الیکشن سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ لیڈیز پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ پر خواتین پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گی جبکہ ضمنی انتخابات کے لئے پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک آرمی کی مکمل معاونت حاصل ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہو گا، الیکشن میٹریل کی ترسیل و آمدورفت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ ڈولفن سکواڈ، سپیشل برانچ سمیت تمام فارمیشنز کو الیکشن سکیورٹی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور امن وامان کی فضا کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں