بانی پی ٹی آئی محض اقتدار کے لئے سب کو بلیک میل کرتے ہیں ‘ رانا جمیل منج

پیپلز پارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کئے

منگل 23 اپریل 2024 14:07

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، الیکشن میں یا اس سے پہلے بھی جو وعدے کئے وہ پورے کئے۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں جیتنے والے اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ نے ثابت کر دیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور رحیم یار خان سے پیپلز پارٹی نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے،ممتاز چانگ اور خورشید جونیجو کی کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کا نتیجہ ہے۔ رانا جمیل منج نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی روایت ڈالی اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی پالیسی اپنائی ، وہ ملک کے عوام، سیاست دان اور اداروں کو محض اقتدار کے لیے بلیک میل کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں صدر آصف علی زرداری کے خطاب اور محترمہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے حلف کے دوران پی ٹی آئی کے بد معاشوں کا رویہ قابلِ مذمت تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں