ْمتنازعہ نوٹیفکیشن، وکلاء پر دہشتگردی کے مقدمات کے خلاف (آج )ہڑتال ہو گی‘ پنجاب بار کونسل

چیف جسٹس پاکستان متنازعہ نوٹیفکیشن پر از خود نوٹس ،کالعدم قرار دیں‘ وائس چیئرمین کامران بشیر مغل

اتوار 28 اپریل 2024 11:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین کامران بشیر مغل نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عوام کے مفاد میں لاہور کی عدالتوں سے متعلق متنازعہ نوٹیفکیشن پر از خود نوٹس لیں اور اسے کالعدم قرار دیں،وکلاء کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات اور متنازعہ نوٹیفکیشن کے معاملے پر بلائے گئے وکلاء کنونشن کے متفقہ فیصلے کے مطابق آج ( پیر) کے روز پنجاب بھر میں ہڑتال ہو گی ، وکلاء اپنے جائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت کیلئے معاملات سنبھالنا مشکل ہو جائیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وکلاء اپنے جائز مطالبات تسلیم کرانے کے لئے صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں ، وکلا ء کو ہڑتالوں ،عدالتوں کی تالہ بندی اور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور نہ کیا جائے، عوام پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں انہیں مزید مشکلات سے دوچار نہ کیا جائے،پہلے بھی دوماہ عدالتیں بند ہونے کی وجہ انصاف کا نظام درہم برہم رہا ، ہمارے بار بار مطالبہ کرنے کے باوجود کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اور ظلم کہ انتہا یہاں تک پہنچ گئی کہ اب وکلا ء پر دہشتگردی کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

کامران بشیر مغل نے کہا کہ پنجاب میں 2لاکھ سے زائد وکلا ء اگر سڑکوں پر آگئے تو سب کے لئے مشکلات ہوں گی اس لئے مطالبہ ہے کہ عدالتوں سے متعلق متنازعہ نوٹیفکیشن کو فی الفور واپس لیا جائے اور وکلاء کے خلاف درج دہشتگردی کے مقدمات ختم کر کے گرفتار وکلاء کو رہا کیا جائے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس آف پاکستان عوام کے بہترین مفاد میں متنازعہ نوٹیفکیشن کے خلاف از خود نوٹس لیں گے اور اسے کالعدم قرار دیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں