فوڈ اتھارٹی کا میونیز یونٹ پر چھاپہ ،6ہزار کلو تیار میونیز تلف، یونٹ بند

دلکش پیکنگ میں موجود تیار میونیز مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور سٹورز پر سپلائی کی جانی تھی

منگل 30 اپریل 2024 14:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) جعلساز مافیا کے نت نئے حربے ناکام، مضر صحت میونیز سپلائر پنجاب فوڈاتھارٹی کے شکنجے میں آگئے ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بند روڈ پر میونیز یونٹ پر چھاپہ مار کر 6ہزار کلو تیار میونیز تلف، یونٹ بند کر کے مقدمہ درج کروا دیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ جعلی میونیز برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، انتہائی بدبودار ماحول میں کیمیکل، سٹارچ اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ سے میونیز کی تیاری کی جارہی تھی، غیر منظور شدہ لیبل پر مختلف غلط ایڈریس لکھے پائے گئے، لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا۔

حشرات زدہ دیواریں، فنگس لگے گندے برتنوں میں کیمیکلز مکس کیے جارہے تھے، دلکش پیکنگ میں موجود تیار میونیز مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور سٹورز پر سپلائی کی جانی تھی۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ کون کون سے پوائنٹس یہ میونیز استعمال کرتے ہیں وییجلنس ٹیمیوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا، جعلی میونیز کا استعمال انسانی صحت کیلئے مضر ثابت ہوتا ہے ۔ زیادہ منافع کے لالچ میں جعلسازی کرنے والے صحت نہیں بیماری بانٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر جعلساز مافیا کی سرکوبی اور مسلسل خاتمے کے لیے ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں سرگرم ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد ایسے عناصر کی فوری اطلاع 1223پر دیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں