وزیراعلیٰ مریم نواز سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر مبارکباد

منگل 30 اپریل 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور کے 50علاقوں میں فری وائی فائی سروس کا آغاز کر دیا، دیگر شہروں میں بھی جلد کریں گے، اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کیلئے چھ شہروں میں 519 کنال سٹیٹ لینڈ کی نشان دہی کی جا چکی ہے۔عوام کو سستاآٹا اور روٹی فراہم کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کاشتکاروں کی فلاح سب سے زیادہ عزیز ہے، ریلیف دینے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ 8ہزار کھالوں کو پختہ کرنے کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کسانوں کے لئے400 ارب روپے کا پیکج لارہے ہیں۔نواز شریف کسان کارڈ کے اجرا سے کسانوں کو سہولت ہوگی۔ اراکین اسمبلی نے حالیہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اراکین اسمبلی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کامنہ بولتا ثبوت ہے۔وزیر اعلی نے دو ماہ کے قلیل عرصے میں قابل قدر عوامی فلاحی منصوبے شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مریم نواز سے بہت امیدیں ہیں، آپ ہماری توقعات سے زیادہ کام کر رہی ہیں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پوراکررہی ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ممبر قومی اسمبلی ریاض الحق ، اراکین پنجاب اسمبلی اختر علی خان، قیصر اقبال سندھو اور محمد نوازشامل تھے جبکہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، مشیر ذیشان ملک اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں