:پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی مشترکہ کاروائی،مزید 03 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے گرفتار

؁اشتہاریوں وجیہہ الحسن اور محمد سلیمان کو متحدہ عرب امارات جبکہ محمد اشرف کو سعودی عر ب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا

پیر 13 مئی 2024 18:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 03مجرمان کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کے انسپکٹر نجم فراز متحدہ عرب امارات سے دو اشتہاریوں کو لے کرلاہور ائیر پورٹ پر پہنچے، اشتہاری وجیہہ الحسن نے تین برس قبل تھانہ صدر ڈسکہ سیالکوٹ کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا، دوسرا اشتہاری محمد سلیمان اپنے بچوں کے اغوا، غیر قانونی طور پر دبئی منتقل کرنے کے مقدمہ میں تھانہ رنگپورہ سیالکوٹ کو مطلوب تھا، تیسرے اشتہاری مجرم محمد اشرف کو سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا، محمد اشرف گذشتہ 09برس سے بہاولپور پولیس کو قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

تینوں ملزمان کو پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی باہمی کوارڈینیشن سے گرفتار کیا گیا، قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ملزمان کی ایسٹراڈیشن کروائی گئی، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیرون ملک سے خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ، سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں