شجاعت حسین کاژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین

پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا‘ صدر پاکستان مسلم لیگ

بدھ 15 مئی 2024 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین اور جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر بابر خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن اور محمد جمیل احمد خان سے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے موقع پر کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، پاکستانی عوام کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے ،پرامن احتجاج سے جمہوریت کی بالا دستی قائم ہوتی ہے ،حکومت پاکستان بڑے پن کا مظاہرہ کرے اور فریقین بھی ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بات چیت کے ذریعے لائحہ عمل اختیار کریں۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ بلوچستان ضلع ژوب میں آپریشن کے دوران جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر بابر خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے میجر بابر خان شہید کی بلندیِ درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوانوں کی ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ، دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے صوبہ سندھ کی تنظیمی صورتحال سے مفصل طور پر آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں