مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس (کل ) ہوگا

سینئر اراکین بطور تجویز کنندہ اور تائید کنندہ پارٹی قائد نواز شریف کو پارٹی کا قائمقام صدر بنانے کی قرارداد پیش کرینگے پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس کی حتمی تاریخ ،پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کے اراکین کی نامزدگی بھی کی جائیگی

جمعہ 17 مئی 2024 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کل ( ہفتہ) کے روز منعقد ہوگا ۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ،وزیراعظم شہباز شریف ،مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت دیگر عہدیداران ،مرکزی و صوبائی رہنما اور مجلس عاملہ کے اراکین شریک ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی کے قائمقام صدر کا فیصلہ جائے گا۔اجلاس میں پارٹی کے سینئر اراکین بطور تجویز کنندہ اور تائید کنندہ پارٹی قائد نواز شریف کو پارٹی کا قائمقام صدر بنانے کی قرارداد پیش کریں گے ۔مجلس عاملہ کے اراکین نواز شریف کی بطور قائمقام صدر نامزدگی کی منظوری دیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جبکہ اس موقع پر جنرل کونسل کے آئندہ اجلاس میں پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے الیکشن کمیشن کے اراکین کی نامزدگی بھی کی جائے گی۔

اجلاس میں نئے پارٹی صدر کے عہدے کیلئے الیکشن کا مکمل شیڈول بھی جاری کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی اور دیگر حوالوں سے قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔اجلاس سے پارٹی قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف خطاب بھی کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں