میجر جنرل سعید الزمان جنجوعہ میموریل پولو کپ ایف جی /دین پولو ٹیم نے ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کو 8-2.5 سے ہرا دیا

جمعرات 27 جنوری 2022 23:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام میجر جنرل سعید الزمان جنجوعہ میموریل پولو کپ سپانسرڈ بائی جے ایس بینک کے دوسرے دن ایف جی /دین پولو ٹیم نے ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کو 8-2.5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فوٹریس سٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے اس میچ کے مہمان خصوصی جے ایس بینک کے ریجنل ہیڈ سنٹرل ماجد قریشی تھے۔

اس کے علاوہ جناح پولو فیلڈز کے میجر (ر) بابر محبوب اعوان، کرنل طارق، پولو کے کھلاڑی اور فیملیز کی اچھی تعداد بھی موجود تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ہیڈ سنٹرل جے ایس بینک ماجد قریشی کا کہنا تھا کہ دوسری بار میجر جنرل سعید الزمان جنجوعہ پولو ٹورنامنٹ سپانسر کیا ہے ۔ مستقبل میں بادشاہوں کے کھیل پولو کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

پولو ایک لائف سٹائل کھیل ہے اور جے ایس بینک بطور بینک اپنی معاشرتی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیوں کی سپورٹ جاری رکھے گا۔ ادھر جے ایس بینک میموریل پولو کے کھیلے گئے واحد میچ میں ایف جی /دین پولو ٹیم نے ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم کو 8-2.5 سے ہرایا۔ ایف جی /دین پولو کی طرف سے میاں عباس مختار نے شاندار کھیل پیش کیا اور پانچ خوبصورت گول سکور کیے جبکہ دیگر میں رومیروزیولیٹا نے دو جبکہ وقاص خان نے ایک گول سکور کیا۔

ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے چودھری حیات نے دو گول سکور کیے جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ آج بروز جمعتہ المبارک پہلا میچ دوپہر دو بجے شیخو سٹیل /ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ جوبلی انشورنس سے ہوگا جبکہ دوپہر تین بجے ایف جی /دین پولو کا مقابلہ آسیان پولو ٹیم سے ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں