لکی مروت، علاقے میں موجود پولیس چیک پوسٹ کو پل کے قریب منتقل کیا جائے، دیہی عوام

جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کی جائیں، ڈی پی او کی کھلی کچہری میں مطالبہ

جمعہ 16 نومبر 2018 22:06

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف گوہر کی طرف سے کوٹ کشمیر میں لگائی گئی کھلی کچہری کے دوران دیہی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں موجود پولیس چیک پوسٹ کو پل کے قریب منتقل کیا جائے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کی جائیں۔ کھلی کچہری میں ضلع ناظم ایڈووکیٹ اقبال حسین ، ڈی ایس پی نورنگ شفیق الرحمان اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

لوگوں نے ہوائی فائرنگ، منشیات فروشی اور دیگر سماجی و اخلاقی برائیوں کے خلاف پولیس کی کاروائیوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قانون شکنوں کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے، تاریخ گواہ ہے کہ کوٹ کشمیر اور نواحی دیہاتوں کے عوام نے شرپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔

(جاری ہے)

لوگ امن پسند ہیں اور انہوں نے امن دشمنوں کی سرکوبی میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ ڈی پی او آصف گوہر نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عوام کے بھرپور تعاون اور شدت پسندی کے خلاف ان کی قربانیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے مابین فاصلے ختم کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل دہلیزپرحل کرنا اور جرائم کی روک تھام کے لئے شہریوں اور پولیس میں خوشگوار تعلقات کار کا قیام ہے۔

عوام پولیس کا دست و بازو بنیں گے تو معاشرے میں پائیدار امن ہوگا، علاقائی مشران کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لئے آوازاُٹھائیں اور اپنے ماحول کو آنے والی نسلوں کے لئے پر امن اور محفوظ بنائیں۔ پولیس افسران معزیزین علاقہ کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھیں جبکہ علماء کرام سماجی برائیوں، ہوائی فائرنگ اور سود خوری جیسی لعنت کے خلاف آگہی لانے میں کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں