سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت12کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر لکی مروت

بدھ 2 جنوری 2019 23:04

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2019ء) ٹرائبل سب ڈویژن لکی مروت میں پائیدار ترقی وخوشحالی کے اہداف کے حصول، قبائلی عوام کو گھروں کی دہلیز پر زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، سروس ڈیلیوری کی بہتری، غربت کے خاتمے اور قبائلیوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹرائبل سب ڈویژن میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور اس کے پر امن اور سیاحت و دیگر شعبوں کے حوالے سے بہتر اور مثبت عکس اجاگرکرنے کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت12کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران بتائی گئی، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے کی، اجلاس میں ایم این اے مفتی عبدالشکور، اسسٹنٹ کمشنر ریاض محسود، پاک فوج اور سرکاری محکموں کے افسران اور بیٹنی قبائلی مشران نے شرکت کی۔ اس موقع پر قبائلی مشران نے ترقیاتی عمل میں مشران کی شمولیت اور ان کی آراء کو فوقیت دینے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پہلی بار ان سے اس طرح کی مشاورت کی جارہی ہے کہ سرکاری افسران قبائلی عمائدین کے سامنے بیٹھے ہیں۔اجلاس میں مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبے زیر غور آئے اور ان پر تفصیلی بحث کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں