لاڑکانہ میں والدین کا نوزائیدہ بچیوں کو ہسپتال میں لاوارث چھوڑ کر جانے کا انکشاف

والدین کی طرف سے غلط پتہ اور فون نمبر کا اندراج کروایا گیا جس کے بعد وہ اپنی بچیاں ہسپتال میں چھوڑ چلے گئے ، شیخ زید ہسپتال کے ڈائریکٹر کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 اکتوبر 2020 10:57

لاڑکانہ میں والدین کا نوزائیدہ بچیوں کو ہسپتال میں لاوارث چھوڑ کر جانے کا انکشاف
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر2020ء) صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں والدین کی جانب سے نوزائیدہ بچیوں کو ہسپتال میں مبینہ طور پر لاوارث چھوڑنے اور علاج سے محروم کرنے کا انکشاف ہوگیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ میں شیخ زید ہسپتال کے ڈائریکٹر عبداللہ چانڈیو کے مطابق رواں سال 6 بچیوں کو والدین ہسپتال میں لاوارث چھوڑ کر چلے گئے ، جس کے لیے والدین کی طرف سے غلط پتہ اور فون نمبر کا اندراج کروایا گیا جس کے بعد وہ اپنی بچیاں ہسپتال میں چھوڑ چلے گئے ، والدین کی طرف سے ہسپتال میں چھوڑنے والی 6 میں سے 5 بچیاں فوت ہو گئیں جب کہ زندہ بچ جانے والی ایک بچی کو ایدھی کی مدد سے ہسپتال میں کام کرنے والی اسٹاف نے گود لے لیا۔

اس کے ساتھ ساتھ شیخ زید ہسپتال کے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ والدین کی طرف سے رواں سال 100سے زائد بچوں کو علاج کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا جبکہ میڈیکل مشورے کے خلاف جا کر علاج سے محروم کرنے والے بچوں میں 80 فیصد بچیاں نوزائیدہ کیسز والی شامل ہیں ، ایمرجنسی یونٹ سے آکسیجن پر منتقل ہونے والے بچوں کو واپس لے جانے کے ماہانہ 10 سے 15 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے شیخ زید وویمن اسپتال میں 9 ماہ کے دوران 34 حاملہ خواتین میں ایڈز کی تشخیص ہوئی ، اس حوالے سے پی ڈی ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر ثاقب کا کہنا ہے کہ سندھ کے اضلاع قمبر،شہدار کوٹ،کشمور اور شکار پور سے بھی مریضوں کو شیخ زید وویمن اسپتال لایا گیا ، سندھ ایڈ کنٹرول پروگرام کے مطابق اسپتال کے ایچ آئی وی بچاو سنٹر میں سہولیات کا فقدان ہے ، شیخ زید اسپتال میں حاملہ خواتین کے آپریشن اور ڈلیوری کے دوران حفاظتی سامان تک نہیں ہے ، سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کو سالانہ بجٹ 60کروڑ روپے جاری ہونے کے باوجود اسپتال میں سہولیات نہیں ، لاڑکانہ میں کئی سالوں سے یہ مسئلہ درپیش ہے ، جہاں 2016 میں بھی سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام (ایس اے سی پی) کے حکام نے بتایا تھا کہ کراچی اور لاڑکانہ میں 46 حاملہ خواتین میں ایچ آئی وی ایڈز جیسی مہلک بیماری کی تشخیص ہوئی تھی تاہم ان کے بچے پیدائش کے وقت مکمل طور پر صحت مند تھے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں