میڈیکل طالبہ کی خودکشی کا معاملہ، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

نوشین کاظمی کی موت ہیکنگ کے باعث واقع ہوئی، دونوں پھیپڑوں میں خون کے نشانات پائے گئے،نوشین کاظمی کے جسم پر کسی تشدد کے نشانات کا ذکر نہیں۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 25 نومبر 2021 17:29

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 نومبر2021ء) چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں مبینہ خودکشی کرنے والی طالبہ نوشین کاظمی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق نوشین کاظمی کی موت ہیکنگ کے باعث واقع ہوئی۔نوشین کاظمی کے گلے پر 26 سینٹی میٹر لمبے اور ایک سینٹی میٹر چوڑے نشانات پائے گئے۔نوشین کاظمی کے دونوں پھیپڑوں میں خون کے نشانات پائے گئے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نوشین کاظمی کے جسم پر کسی تشدد کے نشانات کا ذکر نہیں۔نوشین کاظمی کی گردن پر تھائیراڈ سے اوپر نشانات پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق نوشین کاظمی کے جسم کے اعضاء مزید کیمیکل ایگزیمینیشن کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں۔نوشین کاظمی کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ لیبارٹریز کی رپورٹ آنے کے بعد جاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ روز سندھ کے شہر لاڑکانہ کے میڈیکل کالج کی طالبہ نے گرلز ہاسٹل میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج میں چوتھے سال کی میڈیکل کی طالبہ نوشین کاظمی کی گرلز ہاسٹل نمبر چار کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد کالج انتظامیہ نے گرلز ہاسٹل کو سیل کردیا، طالبہ نوشین کاظمی کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق طالبہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نوشین کاظمی کی لاش برآمد ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جسٹس فار نوشین کاظمی کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ بن گیا جس میں صارفین انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں۔نوشین کاظمی نے خودکشی کی ہے یا انہیں قتل کیا گیا ہے، میڈیکل کالج کے طالب علموں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ واقعے پر پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج ڈاکٹر گلزار شیخ کا بیان بھی آیا ہے۔

پرنسپل کا کہنا ہے کہ جاں بحق طالبہ کے والد کو ان کی روم سے ملوایا ہے۔ڈاکٹر گلزار شیخ نے بتایا کہ پولیس بھی تحقیقات کر رہی ہے۔کالج نے بھی انکوائری کمیٹی بنائی ہے۔طالبہ کی پوری باڈی کا ایکسرے اور پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔تحقیقات میں چیزیں سامنے آئیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ طالبہ کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔طالبہ کی موت سے متعلق اس وقت کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں