مالاکنڈ ویلج کونسل وزیر آباد نمبر 3کا بجٹ اجلاس ‘ترقیاتی منصوبوں کیلئے بیس لاکھ روپے مختص کردئیے گئے

منگل 12 جنوری 2016 12:49

مالاکنڈ۔12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) ویلج کونسل وزیر آباد نمبر 3(یونین کونسل مہردے) نے سالانہ بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 20لاکھ جبکہ غیر ترقیاتی کاموں کے لئے 5لاکھ روپے مختص کردیئے‘اس سلسلے میں ویلج کونسل کا بجٹ اجلاس گزشتہ روز زیر صدارت وی سی ناظم حاجی جمعراز خان منعقد ہوا جس میں نائب ناظم انجینئر عمر وہاب ، ممبران کونسل جاوید خان ، محمد عمران ، محمد اقبال ، نیاز محمد ،علی محمد ، کسان ممبر نیاز محمد ،خواتین ممبران تاجریان بی بی اور عالیہ بی بی سمیت سیکرٹری حضرت محمد نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کونسل نے پچیس لاکھ روپے کے سالانہ بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دیدی‘ جس کے مطابق ترقیاتی کاموں کے لئے مبلغ بیس لاکھ اور غیر ترقیاتی کاموں کے لئے مبلغ پانچ لاکھ روپے مختص کئے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی جمعراز خان اور عمر وہاب نے کہا کہ تمام ممبران کو یکساں فنڈ زملیں گے اور کونسل کے تمام ممبران کو ساتھ لیکر علاقے کے تعمیر و ترقی کے کوششیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مسائل کے خاتمے کے لئے ضلعی ناظم ملاکنڈ ، تحصیل ناظم درگئی ، ممبر صوبائی اسمبلی سمیت دیگر مشران اور قائدین سے تعاون مانگیں گے ۔ اس موقع پرباہمی مشاورت اور رضامندی سے گلی کوچوں کی پختگی ،نکاس آب ، کلوٹ ،فرش بندی اور ڈرین کے منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔

متعلقہ عنوان :

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں