محکمہ صحت عامہ ضلع جہلم ویلی میں ماں اور بچے کا ہفتہ منانے کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد

منگل 5 مارچ 2024 22:05

مظفرآباد/ جہلم ویلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) محکمہ صحت عامہ ضلع جہلم ویلی میں ماں اور بچے کا ہفتہ منانے کے حوالہ سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل کی زیر قیادت آگاہی واک کا آغاز ڈی ایچ او آفس سے شروع ہوکر کچہری میں اختتا م پذیر ہوا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے کہا کہ ماں اور بچے کا ہفتہ کی 5 روزہ مہم 4 تا 9 مارچ جاری رہے گی ،جس میں کثیر تعداد میں 2 سے 5 سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی گولیاں کھلائی جائیں گی ،بچوں کو روٹین ایمونائزیشن کے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے اور حاملہ خواتین کو TT انجکشن بھی لگائے جائیں گے،مہم کی سپر ویژن لیڈی ہیلتھ ورکرز کریں گی اور مانیٹرنگ ٹیم میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کریں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز فیلڈ میں اپنی خدمات انجام دیں گی،مختلف سکولز اور گھروں میں یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ،مختلف مساجد سے اس حوالہ سے اعلانات بھی کروائے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہاکہ ہر شہری کو محکمہ صحت عامہ کی اس مہم میں بھرپور تعاون کرنا ہوگا اور اپنے بچوں کو حفاظتی انجکشن لگوانے میں ماؤں کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔اس موقع پر میڈم قرة العین،عبدالجبار لون،ساجد عظیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں