ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

پیر 5 جون 2023 19:26

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2023ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے پلاسٹک کی آلودگی کا حل کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دن منانے کا مقصد صنعتی میدان میں ہونے والی پیش رفت سے قدرتی ماحول کو بچانے، آلودگی کے خاتمے اور پلاسٹک کے بے دریغ استعمال سے فطرت کو پہنچے والے نقصانات سے آگاہی پیدا کرنا اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ارتھ اینڈ انوائرومنٹل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر آصف جاوید اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وقار عظیم جدون نے کہا کہ دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح پاکستان کو بھی اس وقت شدید ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور سمندروں و کرہ ارض پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے بنی اشیاء کا بے دریغ استعمال، جنگلات کے کٹاؤ، صنعتی فضلوں ، دھوئیں اور ان جیسے دیگر مہلک عوامل سے ماحولیات کو بے انتہا نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان سمیت دیگر ممالک درجہ حرارت میں اضافہ ، خشک سالی ، وبائی امراض اور موسمی تغیرات جیسے سنگین ماحولیات مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ لاکھوں ٹن استعمال شدہ پلاسٹک سمندر برد کیا جا رہا ہے جس سے نا صرف آبی حیات کو سنگین خطرات لاحق ہیں بلکہ انسانی صحت بلا واسطہ طور پر شدید متاثر ہو رہی ہے اور ماحولیاتی آلودگی نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔ مقررین نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ ہم ٹیکنالوجی کے بغیر زندہ رہ سکتے ہیں لیکن صحت مند ماحول اور صاف ہوا و پانی کے بغیر زندگی کا کوئی تصور نہیں، لہٰذا ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہمیں سماجی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور اس ضمن میں طلبا میں ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی شعور اجاگر کرنا بے حد ضروری ہے۔

مقررین نے پلاسٹک کی آلودگی کے حل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی سے نمٹنے کے لئے موثر قانون سازی ہونی چاہیے جبکہ انفرادی سطح پر ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم روز مرہ ضروریات میں پلاسٹک کا واحد استعمال ممکنہ حد تک محدود یا ختم کر دیں۔سیمینار کے اختتام پر پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کے لئے واک بھی کی گئی ۔سیمینار میں ارتھ اینڈ انوائرومنٹل سائنسز کے طلباء و طالبات، سکالرز اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں