ہزارہ یونیورسٹی کی اینٹی ڈرگ اینڈ اینٹی سموکنگ سوسائٹی کے تحت سیمینارکا انعقاد

پیر 20 نومبر 2023 19:36

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2023ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی اینٹی ڈرگ اینڈ اینٹی سموکنگ سوسائٹی کے تحت ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں سیمینارمنعقد کیا گیا۔سیمینار میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی پی او نے سیمینار میں شریک طلباء و طالبات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی کا 65فیصد حصہ 35سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں منشیات کی لعنت سے بچاتے ہوئے ایک بہتر مستقبل دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج منشیات کے خلاف لڑنا ہے جس کے لئے ضلعی پولیس نے متعدد اقدامات اٹھاتے ہوئے اس ناسور کی خرید و فروخت میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس افسر نے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے شرکاء کو منشیات کی مختلف اقسام، انسانی صحت اور نفسیات پر اس کے مضر اثرات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

انہوں نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے گرد و پیش اور اپنے ماحول پر نظر رکھیں اور اگر کوئی بھی شخص آپ کو منشیات کے استعمال کی دعوت دے تو فوراً اپنے ٹیچرز،یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس کو مطلع کریں تاکہ ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ سیمینار سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک ناسور ہے جو بتدریج انسان کو موت سے ہمکنار کر دیتا ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کے لئے اس لعنت سے دور رہیں اور معاشرے کو اس برائی سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ سیمینار کے اختتام پر منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے بارے میں واک بھی کی گئی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں