وادی نیلم سے مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے سابق صدر راجہ زاہد اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شامل

منگل 19 مارچ 2019 22:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2019ء) بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تباہ کن بائولنگ ۔ وادی نیلم سے مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے سابق صدر راجہ زاہد اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے اس بات کا اعلان انھوں نے یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی موجودگی میں ایک تقریب میں کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کشمیر اسوقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی عوامی قوت بن چکی ہے۔ اس سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ لہذا اب وقت آگیا ہے کہ کارکن میدان عمل میں نکل پڑیں اورہمارے قائد عمران خان کے ویژن کو گھر گھر پہنچانے کے لئے بھرپور انداز میں آگے بڑھیں۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کرپشن اور لوٹ مار میں لت پت ہو چکی ہے ۔

ہم آزاد کشمیر حکومت کی بیڈ گورننس اورانتقامی کاروائیوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے اور پارٹی کے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں وادیء نیلم سے مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے سابق صدر راجہ زاہد اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان،سید امتیاز حسین شاہ، سید صداقت شاہ،راجہ آفتاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے اپنے خطاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں آپ سب کو پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ عوامی خدمت کا جو جذبہ لے کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہوئے ہیں آپ کو مایوسی نہیں ہو گی اور آپ کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا اور پارٹی میں جائز مقام دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور عوام کی جوق در جوق شمولیت اس بات کی غمازی ہے کہ عوام اب آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیر کی صوریت میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر وادیء نیلم کے رہنمائوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وادیء نیلم کے دورے کی دعوت دی ۔ جو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ موسم بہتر ہوتے ہی وادیء نیلم کا دورہء کریں گے ۔ ***

میانوالی میں شائع ہونے والی مزید خبریں