سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے میپکو اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم

منگل 17 ستمبر 2019 23:55

ملتان ۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر ناصررشید نے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ ریجن کے کسی بھی علاقہ میں مہلک حادثہ رونماہونے پر متعلقہ آپریشنل افسران کو ملازمت سے برخاست کیاجائے اور سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کی جائے۔

وزارت توانائی نے لائن سٹاف اور عام شہریوں کی جانوں کی حفاظت سب سے مقدم رکھنے کا عزم کیاہے اور حادثہ رونما ہونے کی صورت میں فوراًً ایکشن لینے کا فیصلہ کیاہے ۔ ایگزیکٹو انجینئرزدوران ڈیوٹی لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں اور فیلڈ میں خود چیکنگ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں ریجن بھرکے تمام سپریٹنڈنگ انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر کسٹمرسروسز چوہدری محمد صدیق نے کہا کہ لائن سٹاف ڈیوٹی میں سب ڈویژنوں میں موجود سیفٹی آلات کا استعمال یقینی بنائیں اور کام کرنے سے قبل لائنوں کو ارتھ لازمی کریں ۔ سیفٹی آلات کی عدم دستیابی پر لائنوں پر کام کرنے سے یکسر انکارکردیں ۔ خود اعتمادی اور بے احتیاطی کی وجہ سے فیلڈ میں حادثات رونما ہورہے ہیں جس سے محکمہ کو براہ راست نقصان پہنچ رہاہے ۔

جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکوا نجینئر عبدالعزیز نیازی نے کہا کہ لائن سٹاف کو کروڑوں روپے مالیت کے جدید اور معیاری سیفٹی آلات فراہم کئے گئے ہیں اگر کسی سب ڈویژن میں لائن سٹاف کو آلات فراہم نہیں کئے جارہے تو اس کی رپورٹ فوری طورپر کی جائے اور بغیر حفاظتی آلات لائنوں پر کام نہ کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمودنے لائن سٹاف اور عوام کی سیفٹی سے متعلق وزارت توانائی کے احکامات تمام آپریشنل افسران تک پہنچادئیے ہیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد کیاجارہاہے ۔

نااہلی اور کوتاہی برتنے والے فیلڈ افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی جائے گی ۔منیجر سیفٹی ڈائریکٹوریٹ میپکو محمد اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ انتظامیہ کی ہدایت پر ریجن بھر میں نہ صرف سیفٹی سیمینارز کا انعقادکیاجارہاہے بلکہ سب ڈویژنوں کی سطح پر ایس ڈی اوز کو پابندکیاگیاہے کہ روزانہ نو بجے صبح سیفٹی پریڈ کی جائے ۔اس موقع پر چیف انجینئر او اینڈ ایم مہر محمد یوسف، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی رانا عبدالستار ،چیف سٹریجیٹک پلانر مدثر حسین، ڈپٹی منیجر سیفٹی میپکو کاشف مقبول، آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں