ملکی تعمیر و ترقی محنت کش و مزدور طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے،نعیم خان بھابھہ

بدھ 1 مئی 2024 18:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب نعیم خان بھابھہ نے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اسلام محنت کش اور مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ کا ضامن، ملکی تعمیر و ترقی انہی کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔مزدروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی محنت کشوں و مزدورں کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے،یہ دن ہمیں محنت کشوں کی محنت اور کاوشوں کو تسلیم کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو انہوں نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کی ہیں۔

(جاری ہے)

نعیم خان بھابھہ نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔

ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے،موجودہ حالات میں مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے تاہم وفاقی و صوبائی حکومتیں خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ممبر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدورں کے کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے،حکومت وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیساتھ ساتھ محنت کشوں کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھی پرعزم ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں