ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پروفیسر رضا منیر

پیر 13 اگست 2018 23:42

مری۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، قائداعظم کے فرمودات ایمان، اتحاد، تنظیم یقین محکم پر عمل پیرا ہوکرہم ملک ترقی کو پروان چڑھا سکتے ہیں، پاکستان کے ہونہار طلباء کسی بھی قوم کے طلباء سے کم نہیں۔ ان خیالات کااظہار پروفیسر رضا منیر ڈائریکٹر بورڈ آف سٹڈیز کیڈٹ کالج کشمیر پوائنٹ مری و سابق پرنسپل گورنمنٹ کامرس کالج مری نے تقریبات جشن آزادی کے سلسلے میں مری آرٹس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ چلڈرن ڈرامہ فیسٹیول کے اختتام پر اپنے خطاب میں کیا۔

محمد شکور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مری آرٹس کونسل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جشن آزادی کے پروگراموں میں جس جوش اور ولولہ کے ساتھ طلباء ، اساتذہ اور معززین شہر اور سیاح شرکت کر رہے ہیں و ہ قابل تحسین ہے مری آرٹس کونسل فن کی ترقی و ترویج کے لیے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کے لیے معیاری اور صاف ستھری تفریح مہیا کرنے کے لیے ہمہ وقت پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس فیسٹیول میںتحصیل بھر کے سکولوں نے شرکت کی اور معاشرتی پہلوئوں پر اپنے اپنے ڈرامے پیش کیے ۔ ارباب پبلک ہائی سکول مری نے بہترین ملبوسات، ائرفائونڈیشن سکول سسٹم مری نے بہترین مکالمہ اداکرنے، پاکستان انٹرنیشنل پبلک سکول مری نے بہترین اداکار،دارارقم سکول مری نے بہترین ڈائریکٹراوربہترین اداکارہ جبکہ مری گرائمر ماڈل سکول دھارجاوانے بہترین ڈرامہ اور بہترین ڈرامہ رائٹر کے انعامات کے علاوہ کیش انعامات حاصل کئے۔ ججز کے فرائض میڈم عائشہ پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر مری اور رانا طارق جاوید پرنسپل جناح اکیڈمی مری نے ادا کیے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں