وزیرشہری دفاع کی پوسٹ وارڈن شہید پرویز احمد کو آزادکشمیر کا اعلیٰ سول ایوارڈ عطا کرنے کی سفارش

کشمیری عوام تحریک آزادی کسی بھی قیمت پر منطقی انجام سے دوچار کرنے تک پیچھے نہیں ہٹ سکتے‘احمد رضا قادری

جمعرات 19 نومبر 2020 15:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2020ء) وزیرشہری دفاع و اسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی احمدرضا قادری نے نیلم ویلی میںطلباء کو بھارتی فائرنگ کی زد سے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے شہید ہونے والے شہری دفاع کے پوسٹ وارڈن پرویزاحمدکو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے اورشہید کو آزادکشمیر کا اعلیٰ سول ایوارڈ عطا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے آزادکشمیر کابینہ کی جانب سے شہری دفاع کے شہید پوسٹ وارڈن پرویزاحمد کو خراج عقیدت پیش کرنے پر وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان اور پوری کابینہ کو ہدیہ تبریک پیش کیا ہے۔

گزشتہ روز میڈیاکوجاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیرشہری دفاع و اسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی احمدرضا قادری نے کہا کہ شہری دفاع کے شہید پوسٹ وارڈن پرویز احمد نے اپنی جان کی قربانی پیش کرکے درجنوں طلباء و طالبات اور دیگر سویلین افراد کوبھارتی فائرینگ رینج سے نکال کر محفوظ مقام پرمنتقل کیا، شہید نے بہادی و شجاعت کا عملی مظاہرہ کر کے نہ صرف محکمہ شہری دفاع کو سرخرو کیا بلکہ پوری ریاست میں سرفرازی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے،اس بے مثال بہادری پر وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان اورآزادکشمیر کابینہ نے شہید کو سلام عقیدت پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریاست جموں کشمیر کا بچہ بچہ بھارتی سفاکیت اور جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ انہوں نے آزادکشمیرکے مختلف سیکٹرز پربھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے کشمیری سپوتوں کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اورشہداء ، زخمیوں کے ورثاء اور گولہ باری سے نذرآتش ہونے والے مکانات کے مالکان کو یقین دلایا ہے کہ حکومت انہیں مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام تحریک آزادی کسی بھی قیمت پر منطقی انجام سے دوچار کرنے تک پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ انہوں نے مہذب عالمی برادری اور انسنای حقوق کے عالمی اداروں سے کہاکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کی بزدلانہ کارروائیوں کانوٹس لیا جائے اورمطالبہ کیاکہ عالمی عدالت انصاف میں بھارت کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ درج کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ان کی آزادی کی تحریک سے دور نہیں کر سکتے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارتی جبر و مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ ریاست کی آزادی قریب ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں، شہداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں