ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو کر رہے گی، سید اظہر علی گیلانی

پاکستانی اداروں کی عزت و وقار اور مملکت کی سلامتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف ہر قسم کی قربانیاں دینے کیلئے تیار ہے، بیان

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف سید اظہر علی گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو کر رہے گی، ظلم آخر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، پاکستانی اداروں کی عزت و وقار اور مملکت کی سلامتی کے لیے پاکستان تحریک انصاف ہر قسم کی قربانیاں دینے کے لیے تیار ہے،تباہ حال معیشت کو سہارا دینے کے دعویدار تندوروں پر روٹیاں لگانے کے لیے سرگرداں ہیں۔

اپنے بیان میںسید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ مملکت پاکستان کو خوشحال بنانے اور ترقی یافتہ قوموں کے فہرست میں شامل کرنے کے لیے حق و سچ کے ساتھ ساتھ میرٹ کی بحالی اشد ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی حکومت کی دیکھا دیکھی آزاد کشمیر میں بھی حکومت نام کی چیز دکھائی نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ریاستی امور ٹھپ ہو چکے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر اپنے وزراء کے ساتھ کشمیر ہاؤس میں ڈیرے جمائے بیٹھے ہیں،ریاست اور ریاستی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، ریاست میں رشوت لوٹ مار بدامنی چوری چکاری عروج پر ہے۔

انہوںنے کہاکہ حالیہ بارشوں نے ریاست اور ریاستی اداروں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، ہر طرف تباہی بربادی دکھائی دیتی ہے،راستے بند ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام پریشان حال ہے،مہنگائی اور غربت کی ماری عوام عید الفطر کے بعد حالیہ بارشوں کی وجہ سے شدید کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مختلف حادثات کا شکار ہونے والے خاندانوں کے زخمی ہسپتالوں میں دھکے کھاتے پھر رہے ہیں،حکومت کی جانب سے ہسپتالوں میں کسی بھی قسم کی ادویات میسر نہیں۔

انہوںنے کہاکہ ایمرجنسی میں لوگوں کی لمبی قطاریں اور لوگ کی چیخ و پکار قیامت کا سماں دکھائی دیتا ہے مگر حکومت سب اچھا کی گردان الاپ رہی ہے۔ سید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن حالیہ بارشوں میں حادثات کی نظر ہونے والوں کے لیے خون مہیا کرنے کے لیے جوق در جوق ہسپتالوں کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم تمام خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں