آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں تین روزہ عالمی پاکستان کانگریس آف زوالوجی کا آغاز

منگل 23 اپریل 2024 22:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں تین روزہ عالمی پاکستان کانگریس آف زوالوجی کا آغاز ہوگیا ہے ۔بیالیسویں پاکستان کانگریس آف زوالوجی میں ترکیہ اورچین سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی کئی جامعات کے وائس چانسلرز،فیکلٹی ممبران ،سکالرز طلبہ و طالبات سمیت ایک ہزار سے زائد مندوبین شریک ہیں۔

پاکستان انجمن حیوانات (زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان)کے تعاون سے منعقدہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب منگل کے روز کنگ عبداللہ کیمپس جامعہ کشمیر کے مین آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر تھے۔ افتتاحی تقریب میں ملکی و غیر ملکی پروفیسرز ، سینئر فیکلٹی ممبران ، آزاد کشمیر حکومت کے سیکرٹریز ، سربراہان محکمہ جات سمیت جامعہ کشمیر کے پرنسپل آفیسران ، تدریسی شعبہ جات کے سربراہان سمیت طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چوہدری لطیف اکبر نے زوالوجی کے میدان میں انتھک محنت کرنے والے محققین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی معاشرے کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اُنہیں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں عالمی و قومی سائنسدانوں ، سینئر فیکلٹی ممبران ، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے آئے ہوئے مندوبین کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہو رہی ہے اور وہ اُمید کرتے ہیں کہ یہ کانگریس اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کر سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو سنگین ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر بالخصوص اس کے نشانے پر ہیں، ان ماحولیاتی تبدیلیوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی پر نمایاں اثرات مرتب کئے ہیں اور زوالوجی کی فیلڈ پر اس کے اثرات قابل ذکر ہیں۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے جامعہ کشمیر کی قیادت بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اور شعبہ زوالوجی کو عالمی کانگریس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر اُنہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ مقامی مسائل مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کا بھی ذکر کیا ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے کرداراوراقدمات کی تعریف کرتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ بیالیسویں کانگریس کے لیے یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانگریس طلبا،سکالرز اور بالخصوص محققین کے لیے زوالوجی کے میدان میں علم و تحقیق کی نئی راہیں کھولے گی اور یہ پلیٹ فارم مشترکہ کاوشوں،بامعنی بات چیت اور بامقصد تعاون کے لیے انمول مواقع فراہم کرے گا۔ افتتاحی تقریب کے دوران تدریس و تحقیق کے میدان میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو ، پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق اعوان ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی جامعہ کشمیر ، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی یونیورسٹی آف پنجاب لاہوراور پروفیسر ڈاکٹر نسرین میمن سابق چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی یونیورسٹی آف سندھ، جام شورو کو پروفیسر مظفر احمد لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2024ء سے نوازا گیا۔

اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر رفعت سلطانہ یونیورسٹی آف سندھ جام شوروکو زوالوجی کے میدان میں بہترین خدمات پر زوالوجسٹ آف دی ایئر 2024ء قرار دیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر اظہر رسول ، ڈاکٹر ریحانہ اقبال ، ڈاکٹر محمد الطاف ، ڈاکٹر زیب النساء برہان ، ڈاکٹر سید احمد ضیا، ڈاکٹر حافظ اظہر علی خان ، محترمہ آمنہ ، محترمہ طیبہ مبین، ڈاکٹر محمد امین خان ، محترمہ ماریہ ذولفقار ، ڈاکٹر گل لالہ ، مصدق حسین ، راجہ رام ، توبہ گل ، محترمہ دعا سمیت پاکستان کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے سکالرزوطلباء کوبہترین کارکردگی پر گولڈ میڈلز اور ایوارڈز عطاء کیے گئے۔

افتتاحی تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر مظہر ایاز وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی ،پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو،پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل وائس چانسلر بابا گرونانک یونیورسٹی فیصل آباد ، چیئرپرسن زوالوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر نذہت شفیع ، ڈین فیکلٹی آف سائنسز جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد رفیق ، ڈاکٹر عبدالرئوف جنجوعہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن گیلانی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ سیشن میں اتاترک یونیورسٹی ترکی کی فیکلٹی آف فشریزکے شعبہ آبی زراعت کے پروفیسر ڈاکٹر طلعت یانیک نے فش فارمنگ کے عمومی پہلوں پر گفتگو کی ۔۔یونیورسٹی آف پنجاب قائداعظم کیمپس لاہورکے سکول آف بائیولوجیکل سائنسز کی پروفیسر ڈاکٹر قراة العین افضا گارڈنرنے انسولین کی مختلف حالتوں کی حیاتیاتی اہمیت پر سیرحاصل گفتگو کی۔

عالمی پاکستان کانگرس زوالوجی کے پہلے روز سیل بیالوجی،مالیکولر بیالوجی،جنیٹک،فزیالوجی،ٹاکسکالوجی، ویرالوجی کے موضوعات پر پر 49، انٹامالوجی سے متعلقہ موضوعات پر 48اور ماہی گیری،ماحولیات،جنگلی حیات،آبی وسمندری حیاتیات کے موضوعات پر 44تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔یہ کانفرنس جمعرات تک جاری رہے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں