پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے کھڑی ہے، محمود خان

ہفتہ 15 جون 2019 22:41

پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے کھڑی ہے، محمود خان
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے کھڑی ہے، ہم مضبوط، خوشحال اور خودکفیل پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی اسی وژن کے تحت معرض وجود میں آئی ہے، صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے عہد برآ ہونے کیلئے اخلاص کے ساتھ کوشاں ہے، عوام اور سرکاری ادارے قومی مفاد میں اُٹھائے گئے اقدامات سے تعاون یقینی بنائیں تاکہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی تشکیل کا سفر کامیابی سے ہمکنار ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں مختلف صوبائی حلقوںسے اراکین صوبائی اسمبلی اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ کسی بھی قوم کو مسائل سے نکلنے اور خوشحالی کی منزل تک پہنچنے کیلئے دیر پا منصوبہ بندی اور طویل المدتی حکمت عملی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اس مجموعی سفر میں انفرادی مفاد کی بجائے اجتماعی سوچ ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے سیاسی، سماجی ، معاشی اور دیگر شعبوں میں ناگفتہ بہ مسائل کا شکار رہا ہے ، سیاستدانوں کی مفاد پر ستی ، بدعنوانی ، اقرباء پروری اور لوٹ مار جیسے مسائل سے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی تھیں۔

کرپٹ نظام سے نالاں عوام نے نظام کی تبدیلی کیلئے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کیا ۔ محمود خان نے کہاکہ چھ سات دہائیوں سے پنپنے والے بدعنوان نظام کو یکسر تبدیل کرنا ایک کٹھن ترین اور صبر آزما مرحلہ ہے تاہم پی ٹی آئی نے عمران خان کی والہانہ قیادت میں اس چیلنج کو قبول کیا ہے اور عوام کے تعاون سے ضرور کامیاب ہوں گے ہم بتدریج بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں