افغانستان میں مکمل قیام امن تک افغان مہاجرین کو پاکستان میں رہنے دیا جائے،آفتاب شیرپائو

منگل 18 جون 2019 23:57

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی 30جون کو معیاد ختم ہونے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مکمل قیام امن تک افغان مہاجرین کو پاکستان میں رہنے کی اجازت دی جائے اور ان کو ہراساں کرنے سے گریز کیا جائے ۔میڈیاسے گفتگومیں انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کیلئے جاری مذاکرات کے نتائج سامنے آنے تک افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے لائحہ عمل تیار کیا جا ئے ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی چار دہائیوں پر مشتمل عرصہ خدمت کی ہے اور اگر جلد بازی میں ان کی واپسی کا فیصلہ کیا گیا تو اس سے نہ صر ف ان کی دل آزاری ہو گی بلکہ افغانستان میں حالیہ امن کے قیام کیلئے جاری مذاکرات میں پاکستان کے کردار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے اور ہماری چار دہائیوں پر مشتمل عرصہ خدمت پر پانی پھیر جائے گا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختون روایات کے مطابق افغان مہاجرین کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی اوراس سلسلے میں پاک افغان کے تاریخی رشتوں کی پاسداری کرتے ہوئے اس پر کوئی زک نہیں آنے دے گی ۔ انھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان اور افغانستان مذہبی،ثقافتی اور لسانی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور ان کا امن بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور جب تک کسی ایک ملک میںامن و امان کی صورتحال خراب ہو گی تو دوسراملک اس سے براہ راست متاثر ہوتا رہے گالہٰذا دونوں ممالک کو تمام تصفیہ طلب معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے چاہیے اور باہمی تجارت اور تعلقات کی بہتری کیلئے دونوں ممالک کے حکمرانوں کو نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے افغان مہاجرین (UNHCR)بھی پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے مسئلے میں دلچسپی رکھتا ہے بلکہ اس حوالے سنجیدہ بھی ہے لہٰذا پاکستان کو ان اداروں کی بھی پاسداری کرنی چاہیے کیونکہ اس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج بڑھے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں