منشیات سے پاک معاشرے کے وژن کو ہر حال میں عملی جامہ پہنائیں گے، وزیرسیفران داخلہ شہریار آفریدی

جمعرات 14 نومبر 2019 14:20

منشیات سے پاک معاشرے کے وژن کو ہر حال میں عملی جامہ پہنائیں گے، وزیرسیفران داخلہ شہریار آفریدی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وزیر سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ امسال انٹی نارکوٹکس فورس نے 344 مقدمات درج کئے اور سزائوں کی شرح 98 فیصد رہی۔ وہ جمعرات کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعے پر تقریباً 16ٹن منشیات بھی نذر آتش کی گئی، وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے سمگلنگ کے ذریعے بنا ئے جانے والے 52.677 ملین روپے کے اثاثے بھی منجمد کئے ہیں، انھوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں انٹی نارکوٹکس فورس و دیگر متعلقہ ادروںکی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ اس ناسور سے آنے والی نسل کو بچانے کی خاطر کو ئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ گزشتہ سال منشیات کی جو بھاری مقدار ضبط کی گئی وہ منشیات کے خلاف حکومت کے عزم اور اے این ایف کی انتھک محنت کو ظاہر کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کا قلع قمع کر کے قرار واقعی سزا دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔انٹی نارکوٹکس فورس اپنی قلیل نفری اور محدود وسائل کے باوجود منشیات اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کے وژن کو ہر حال میں عملی جامہ پہنائیں گے، منشیات جیسے جرم کی بیخ کنی کیلئے بحیثیت پاکستانی ہم سب کو اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے، منشیات کے خلاف پاکستان نے 32 ممالک کے ساتھ باہمی یادداشت کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اس حوالے سے کوئی خاص کام نہیں کیا جس کی وجہ سے مسئلے نے گھمبیر شکل اختیار کی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں