خیبر پختونخوا ہ میں صحت کی سہولیات سندھ سے ہزار گنا بہتر ہیں،بیرسٹر سیف

پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت کی سہولیات دی جارہی ہیں،مشیر اطلاعات کا بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 16 مئی 2024 14:11

خیبر پختونخوا ہ میں صحت کی سہولیات سندھ سے ہزار گنا بہتر ہیں،بیرسٹر سیف
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مئی 2024) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا ہ میں صحت کی سہولیات سندھ سے ہزار گنا بہتر ہیں،پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت کی سہولیات دی جارہی ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پر اپنے ردعمل میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو قومی اسمبلی میں بیان دینے سے پہلے تھر کے ہسپتالوں میں سسکتے بچے یاد نہیں آئے۔

بلاول بھٹو کواحسان جتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے ہسپتالوں میں افغانستان اور تاجکستان تک کے رہائشی علاج کراتے ہیں لیکن ہم نے کبھی احسان نہیں جتایا۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت کے جاری کردہ صحت کارڈ منصوبے کی وجہ سے سندھی کہتے ہیں کاش ہم خیبر پختونخوا ہ کے باشندے ہوتے۔ آپکے ہسپتالوں میں بھی ہمارے پشتون خیبر پختونخوا کے صحت کارڈ پر علاج کراتے ہیں۔

کڈنی ڈیزیز سنٹر پشاور میں سندھ اور پنجاب سمیت پورے ملک سے گردوں کے مریض مستفید ہورہے ہیں، پشاور کے تین ہسپتال لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سب سے زیادہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹتے ہیں۔بیرسٹرسیف کامزیدکہناتھاکہ خیبرپختونخواہ میں بین الاقوامی معیار کی ہیلتھ سٹی، بون میرو، لیور ٹرانسپلانٹ اور نیورو سرجری انسٹی ٹیوٹ جیسے اہم منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کئی بین الاقوامی ایورڈز حاصل کئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روزقومی اسمبلی میں تقریرکے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے خیبرپختونخواکے ہیلتھ نظام کوتنقیدکانشانہ بنایاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں معیاری کام کیا، کراچی سمیت تمام شہروں میں دل کے علاج کے مفت ہسپتال کھولے۔ سندھ کا ایک شہری علاج کےلئے خیبر پختونخوا کے ریڈنگ ہسپتال نہیں جاتا۔ سندھ کا ایک شہری لاہور کے پی کے ایل آئی میں علاج کیلئے نہیں جاتا، ہمارے صوبے میں چاروں صوبوں سے لوگ علاج کیلئے آتے ہیں، پشاور میں بھی مفت اور معیاری علاج حکومت کی طرف سے ہونا چاہیے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں