عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے،بیرسٹر سیف

عمران خان مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہیں،مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی،مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 25 مئی 2024 13:24

عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے،بیرسٹر سیف
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مئی 2024 ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل میں ہونے کے باوجود جعلی حکومت ان سے خوفزدہ ہے ،عمران خان مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہیں،مریم نواز اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والا نہیں۔

راج کماری اوچھے ہتھکنڈوں سے سابق وزیراعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔سازشی ٹولہ جتنا عمران خان کوجتنا دباتا ہے وہ اتنا ہی مضبوط بنتا ہے، عمران خان قوم کے لئے قیدوبند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی جو ان کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کی کابینہ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماوں کے خلاف آرمی سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے پر مزید مقدمات کی منظوری دی تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8 واں اجلاس ہوا تھاجس میں صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری، آئی جی اور متعلقہ سیکرٹریز و حکام نے شرکت کی تھی۔صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاتھا کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف ایک بیانیہ بنارہے ہیں اور وہ مجیب الرحمٰن بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

جب کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے والے رہنما بھی ان کی پیروی کرتے ہیں لہذا پنجاب کابینہ نے ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ بہت جلد ضروری اقدامات کرے گی۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماوں پر مزید مقدمات درج کرنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے صوبائی وزارت داخلہ اقدامات کرے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں