خیبر پختونخوا میں ماہی پروری کو فروغ دینے کے لیئے وافرمواقع موجود ہیں، محب اللہ خان

بدھ 26 ستمبر 2018 19:59

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) خیبر پختونخواکے وزیر زراعت و لائیوسٹاک و ماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ماہی پروری کو فروغ دینے کے لیئے وافرمواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کے ذریعے نہ صرف غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے بلکہ بے روزگاری میںبھی کمی لائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا ہائوس اسلام آباد فش فارمنگ ڈیویلپمنٹ ناروے کی کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس میں کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت شوکت یوسفزئی ، ڈی جی فشریز خسروکلیم، ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر شیر محمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں خاص طور پر ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز میں ماہی پروری کے منصوبے زیر غور لائے گئے اور ناروے کی کمپنی نے ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

محب اللہ خان نے کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول کوسازگار بنانے میں گراں قدر اقدامات اٹھائے ہیں اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولتیں فراھم کرنے کے ساتھ ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سرمایہ کارانہ اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے اندر مناسب علاقوں میں ماہی پروروں کے فروغ کیلئے تیزی سے منصوبوں کا آغار کیا جارہا ہے تا کہ غذائی ضرورتیں پوری ہوں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمپنی کا وفد صوبے کے شمالی علاقوں کا تفصیلی دورہ کرے گا تا کہ مچھلی کی پیداوار کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھائے جاسکیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پراسیسنگ زون اور فش فیڈ مل کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی تشخیص کے لئے اعلی قسم کی لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں