ہمارے صوبے کے مختلف شعبوں میں پیداواری صلاحیت موجود ہے،کامران بنگش

بدھ 23 جنوری 2019 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے کے مختلف شعبوں میں پیداواری صلاحیت موجود ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں کے پراڈکٹس کو کاروباری نقطہ نظر سے ملک اور بیرون ملک نمایاں طور پر پیش کیا جائے، اس ضمن میں ہم ای کامرس کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بزنس ڈویلپمنٹ کے لئے ایک ساز گار ماحول بنا رہے ہیں اور آئندہ4سالوں میں تقریباً 45 ہزار لوگوں کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف اپنے لئے مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صوبائی سطح پر آئی ٹی کے سیکٹر کو فروغ دینے کی غرض سے ایڈوانس ٹریننگز فراہم کر رہی ہے جبکہ سکالر شپس کے علاوہ مفید آئیڈیاز والے لوگوں Incubation سنٹرز کے ذریعے اپنے بزنس آئیدیاز کو بروئے کار لانے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر پشاور میں ای کامرس ڈویلپر گروپ-’’ علی بابا ڈاٹ کام ‘‘ کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

وفد کی قیادت سی ای او خالد سلیم کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر مذکورہ گروپ کے دیگر عہدیدار بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کیساتھ ای کامرس اور اس حوا لے سے خیبر پختونخو ا میں موجود امکانات اوراس کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے متعدد امور کو زیر بحث لایا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ ہمارا صوبہ کثیر الجہتی شعبوں میں تجارت اور کاروبار کے مواقع سے مالا مال ہے تاہم اس کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں آئی ٹی کا شعبہ بہتر کردار ادا کرسکتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے ہم کئی شعبوں پر توجہ دے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں سمارٹ سیٹیز کا قیام عمل میں لا رہے ہیں جبکہ پشاور شہر میں ڈیجیٹل کمپلکیس کے قیام کے لئے ضلعی حکومت کیساتھ 25 کنال اراضی کے حصول کے لئے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں IT انڈسٹری کو فروغ دیا جارہا ہے اورنٹ ورکنگ کے لئے ایک پلیٹ فارم مرتب کرنے پر کام کر رہے ہیں ۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم صوبے میں لوگوں کو ایڈوانس سکلز کی تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں اور اگلے مرحلے میں بنیادی ڈیجیٹل سکلز کی تربیت فراہمی پر کام کریں گے۔ اس موقع پر وفد نے صوبائی حکومت کی جانب سے آئی ٹی کے فروغ کے لئے اٹھانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت نے Incubation سنٹرز کے قیام کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے ہیں کسی دوسرے صوبے میں اس کی نظیر نہیں ملتی انہوں نے معاون خصوصی کو ای کامرس کے حوالے سے مذکورہ گروپ کے خدمات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں