سوات میں خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے اخون بابا شگئی میں 15کروڑ 48 لاکھ روپے کی لاگت سے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس قائم کیا جا رہا ہے،حکیم خا ن

بدھ 23 جنوری 2019 21:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ سوات میں خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے اخون بابا شگئی میں 15کروڑ 48 لاکھ روپے کی لاگت سے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس قائم کیا جا رہا ہے جو خصوصی بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا کمپلیکس کیلئے 2 کروڑ روپے کی لاگت سے اراضی خریدی جا چکی ہے اور بہت جلد اس عظیم الشان منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نارمل بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اسی طرح خصوصی بچے بھی زیادہ توجہ کے مستحق ہیں جس کیلئے صوبائی حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے وہ اپنے دفتر سیدو شریف میں خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر میاں حضرت شاہ، اکبر خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اس موقع پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نے چیئرمین ڈیڈیک کو سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے شبانہ روز مصروف عمل ہے انہوں نے کہا کہ مکان باغ میں سپیشل ایجوکیشن سکول معیار کو بہتر بنانے پر صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے سکول کو میٹرک تک اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ یہ بچے بھی تعلیم سے محروم نہ ہوں انہوں نے واضح کیا کہ خصوصی بچے عام بچوں کی نسبت زیادہ توجہ اور سپیشل ایجوکیشن کے مستحق ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم ہمارا فرض ہے اسلئے ضلع سوات کے تمام سرکاری سکولوں میں خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم کیلئے ہر کلاس روم میں اساتذہ کے سامنے والے پہلے بینچ مقرر ہونگے تاکہ اساتذہ ان بچوں کو زیادہ توجہ دے سکیں اور انہیں زیادہ بہتر تعلیم دینے کے قابل ہوں فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت مینگورہ میں ملاکنڈ ڈویثرن کی سطح پر مصنوعی اعضاء و بحالی معذوراں سینٹر بھی قائم کر رہی ہے تاکہ ملاکنڈ ڈویثرن میں جسمانی معذوری کے شکار افراد کیلئے مصنوعی اعضاء ان کی دہلیز پر فراہم ہوسکیں اور انہیں اس ضمن میں تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں