صوبے میں قائم پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز میں بنائے گئے واش رومز کی ناقص صورتحال پر مالکان کو جرمانے

بدھ 24 اپریل 2019 19:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) کلین اینڈ گرین مہم کے تحت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان کی ہدایت پرصوبے میں قائم تمام پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز میں بنائے گئے واش رومز کی صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا گیا ہے۔ تمام ضلعی افسران نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو چیک کرکے ماہانہ رپورٹ پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ چیف سیکرٹری آفس ارسال کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماہ اپریل میں کل 683پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا ہے جس میں 18پمپس و اسٹیشنز کے مالکان سے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر 1لاکھ42ہزار509روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے جبکہ 115پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد میں 22، باجوڑ31، بنوں65،بونیر15، چارسدہ11،چترال24،ڈیرہ اسماعیل خان61،دیر لوئی2،دیر اپر44،ہنگو13،ہری پور27،کرک15،خیبر 17،کوہاٹ2،کوہستان لوئر2،کوہستان اپر 1،کرم1،لکی مروت 39،ملاکنڈ 44،مانسہرہ13،مردان8،نوشہرہ20،اورکزئی 1،پشاور 70،شانگلہ22،جنوبی وزیرستان31،صوابی8،سوات49 اور ٹانک میں5 کے معائنے کئے گئے۔

چیف سیکرٹری محمد سلیم خان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مشن کو جاری رکھا جائے اور متعلقہ پمپس کے مالکان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔یادرہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز میںعوام کے لئے بنائے گئے واش رومز کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں۔اس ضمن میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ متعلقہ اضلاع میں پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کا معائنہ کیا کریں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں