صوبائی حکومت جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز کا اجراء کرے،سردارحسین بابک

ْتین چار سال سے جاری منصوبوں میں تاخیر درتاخیر ہورہی ہے،تعمیراتی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ مشکلات میں اضافہ کررہی ہے،حکومت کئی سالوں سے ٹھیکداروں کے بقایا جات کے حوالے سے خاموش ہے،صوبائی جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

منگل 12 نومبر 2019 00:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز کا اجراء کرے، پچھلے تین چار سال سے جاری منصوبے تاخیر درتاخیرکے شکار ہورہے ہیں۔ تعمیراتی و ترقیاتی اشیاء کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے مشکلات بڑھتے چلے جارہے ہیں۔

صوبائی حکومت ٹھیکداروں کے کئی سال سے بقایاجات کے حوالے سے بھی خاموش ہے۔ صوبے کے ہر شعبے کی طرح کنسٹرکشن سے وابستہ افراد اور عوام فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نہ فنڈز کا انتظام کرتی ہے اور نہ حقیقی صورتحال و درپیش مشکلات سے عوام کو باخبر رکھنے کی توفیق رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

تعمیراتی و ترقیاتی کاموں میں تاخیر سے بے روزگاری میں ہوشربااضافہ ہورہا ہے۔

صوبائی حکومت بتائے کہ خوش قسمتی سے صوبے میں قدرتی و انسانی آفت نہ ہونے کے باوجود تعمیراتی و ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں اور صوبائی حکومت ان کاموں کی تکمیل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ سردار حسین بابک کا کہنا تھا کہ صوبے کے طول و عرض میں غریب عوام اپنی مدد آپ کے تحت اور عوامی چندوں کے ذریعے سڑکوں کی پختگی، گلی کوچے اور دیگر ترقیاتی کام کروارہے ہیں۔

صوبائی حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے کیونکہ فنڈز کے عدم اجراء کی وجہ سے بیشتر ٹھیکدار کام چھوڑ چکے ہیں۔ دوسری جانب صوبائی حکومت مرکزی حکومت سے کوئی میگا پراجیکٹ اور بجلی کا خالص منافع سمیت دیگر بقایاجات لینے کے ساتھ ساتھ صوبے کی نمائندگی اور وکالت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے مشکلات ،مسائل اور حقوق کی ترجمانی میں بری طرح ناکامی کا شکار ہے۔ پچھلی دور حکومت میں مرکزی حکومت کا رونا رونے والی حکومت کو شاید معلوم نہیں کہ مرکز میںبھی اسی جماعت کی حکومت ہے لیکن پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارگزاری ہر شعبے میں عوامی خدمت کرنے میں مایوس کن ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں