پیپلز پارٹی ملک کی غریب عوام کی آخری امید ہے،ہمایوں خان

صوبے میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے عہدیدار اور کارکن مشکل حالات کے باوجود اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں،صوبائی صدر پیپلز پارٹی

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ صوبے میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پارٹی عہدیدار اور کارکن مشکل حالات کے باوجود اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں اور آنے والا وقت ثابت کریگا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی غریب عوام کی آخری امید ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ میں ہزارہ ڈویژن سے آنے والے پارٹی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں خطاب کے دوران کیا۔

اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے صدر ملک وحید سمیت ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اپر اور کوہستان لوئر کے صدور، جنرل سیکرٹری اور انفارمیشن سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک ہونے والے تمام عہدیداروں نے صوبائی صدر ہمایون خان کو مذکورہ علاقوں میں پارٹی پوزیشن اور انتظامی معاملات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لئے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جہاں کہیں بھی کسی کو کوئی شکایت ہو اسے احسن طریقے سے دور کیا جائیگا۔

ہمایون خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہے اور وہ دن دور نہیں جب عوام کی طاقت ووٹ کے زریعے اسی پارٹی کو ملک کی باگ ڈور سنمبھالنے کے لئے بر سر اقتدار لائے گی کیونکہ ملک کا ہر طبقہ جانتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں