عمران کا وژن کرپشن ، غربت خاتمہ ، کلین اینڈ گرین پاکستان اور ضم شدہ اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانا ہے،اشتیاق ارمڑ

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کا وژن کرپشن ، غربت خاتمہ ، کلین اینڈ گرین پاکستان اور ضم شدہ اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانا ہے وہ پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود پر خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے جن میں تعلیم ، صحت ، آبنوشی و آبپاشی ، جنگلات ، زراعت و لائیو سٹاک کے منصوبے شامل ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے پسماندہ علاقے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے اور صوبے کے غریب عوام کو مسائل و مشکلات سے نجات مل جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ناانصافی کے خاتمے کے لئے تاریخی قانون سازی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک عوام دوست لیڈر ہے اور ان کا وژن غریب عوام کو بلا تفریق انصافی کی فراہمی ہے اور ملک میں حقیقی تبدیلی لاکرنچلی سطح تک عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ صوبہ بھر خصوصاً ضم شدہ اضلاع میں جنگلات کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جو ماضی میں کسی حکومت نے نہیں ا ٹھائے ۔

بلین ٹری پراجیکٹ کے تحت ضم شدہ اضلاع میں بڑے پیمانے پر پہاڑی علاقوں پر شجر کاری کی جارہی ہے اور اس کی د یکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس سے نہ صرف جنگلات میں اضافہ ہو گا بلکہ قبائلی عوام کو ریلیف بھی مل جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کلین اینڈ گرین مہم کا مقصد اپنے ارد گرد ماحول کو سرسبز اور شاداب رکھنا ہے اور عوام میں صفائی اور ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں