مردان دھماکہ کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائینگے،معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹرسیف

جمعرات 7 جولائی 2022 21:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2022ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے مردان میں چمتار پولیس سٹیشن پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ہیڈ کانسٹیبل مقصود خان کی شہادت کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشتگردوں کا تعین کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترسے جاری کردہ اےک مذمتی بیان میں کیا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ زخمی سپاہی فیاض، کریم اور سہیل کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ حملے کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس عوام کے محافظ ہیں اور امن کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں، صوبے میں امن امان کی بحالی کے لئے پولیس نے بیش بہا قربانیاں دی جو ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ شر پسند عناصر کو افراتفری پھیلانے اور امن خراب کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی۔دریں اثنا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ٹانک کے علاقے گومل میں سیلابی ریلے میں پھنسے 35 افراد کو کو نکالنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر اداروں نے بروقت اقدامات کئے اورتمام افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر اداروں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے تمام افراد محفوظ رہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں