گورنرحاجی غلام علی کی کسٹمز ہاؤس پشاور میں 2 شہید کسٹمز انٹیلیجنس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت

جمعہ 19 اپریل 2024 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ڈی آئی خان میں شہید ہونیوالے 2 کسٹمز انٹیلی جنس اہلکاروں کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔گزشتہ روز ڈی آئی خان میں فائرنگ سے شہید ہونیوالے 5 کسٹمز انٹیلیجنس اہلکاروں میں سے دو اہلکاروں شہاب علی اور افتخار عالم کی نمازجنازہ کسٹم ہاؤس پشاور میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی(نارتھ) میجر جنرل نور ولی، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور، کسٹمز آفیسرز و دیگر شریک تھے۔گورنر نے شہداء کسٹمز انٹیلیجنس کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔گورنرنے اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعابھی کی۔

(جاری ہے)

گورنرنے ڈی آئی خان میں گزشتہ روز ڈیوٹی پر مامور کسٹمز انٹیلیجنس کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں کسٹمز اہلکاروں سمیت ایک راہگیرمعصوم بچی کی شہادت پربھی دلی افسوس کااظہارکیا اور بچی کے لواحقین سے بھی تعزیت کی۔ انہوں نے کہاکہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یقین دلایاکہ اس افسوس ناک واقعہ میں ملوث عناصر جلد گرفتار کر لئے جائیں گے۔#

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں