مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا اعلیٰ حکام کے ہمراہ ریسکیو ہیڈکوارٹر کا دورہ

سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بروقت اور بہترین خدمات فراہم کرنے کیلئے ریسکیو 1122 کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، زاہد چن زیب

منگل 23 اپریل 2024 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور دیگر حکام کے ہمراہ ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وہاں آمد پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر محمد آیاز خان نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں ریسکیو 1122 کی جانب سے مختلف ایمرجنسیز میں استعمال ہونے والے آلات اور مشینری کے سٹالز کا معائنہ کرایا اور ایمرجنسی سے نمٹنے کے عملی مظاہروں سمیت مختلف ریسکیو سروسز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مشیر سیاحت نے ریسکیو خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ایمرجنسیز میں بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین خدمات فراہم کر رہا ہے بلکہ سیاحوں کیلئے محفوظ سفر و سیاحت اور قیام میں معاونت کے علاؤہ ادارے نے مختلف سیاحتی مقامات پر عارضی ریسکیو سٹیشنز قائم کئے ہیں جہاں سیاحوں کو موقع پر طبی امداد اور موسمیاتی آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس ضمن میں محکمہ سیاحت کی بھرپور معاونت پر ریسکیو 1122 کی سروسز کو سراہتے ہوئے مشنری جذبے کے ساتھ انسانیت کی بہترین خدمت پر ادارے اور اس کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 نے اپنی پیشہ وارانہ خدمات کا لوہا منوایا ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے اس اہم ترین ادارے کی استعداد کار مزید بڑھائی جائے گی تاکہ سیاحوں کو بہترین اور بروقت خدمات فراہم کی جاسکیں اور سیاحتی سیزن میں نتھیاگلی ایبٹ آباد، ٹھنڈیانی، کیوائی، ناران روڈ مانسہرہ، سوات، گبین جبہ، مالم جبہ، کمراٹ، چترال کیلاش بمبوریت شندور کیلئے خصوصی طور پر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحتی سیزن شروع ہونے کی وجہ سے سیاحوں کا رش بھی صوبہ خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی جانب بڑھ رہا ہے اس وجہ سے ریسکیو1122 اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ مشیر سیاحت خیبرپختونخوا زاہد نے مزید کہا کہ محکمہ سیاحت اور محکمہ ریلیف سیاحت کے شعبہ میں مل کر نہ صرف ترقی کر سکتے ہیں بلکہ صوبے کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

زاہد چن زیب کا مزید کہنا تھا کہ ہم خیبرپختونخوا میں سیاحت کو بطور انڈسٹری متعارف کروا رہے ہیں تاکہ ملکی سیاحوں کیساتھ ساتھ غیرملکی سیاح جوق درجوق پاکستان اور خصوصاً صوبہ خیبر پختونخوا کا رخ کرنے پر راغب ہوں۔ مشیر سیاحت نے ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر محمد آیاز خان سے سیاحتی مقامات نتھیاگلی ایبٹ آباد، ٹھنڈیانی، کیوائی ناران روڈ، کیلاش بمبوریت چترال لوئر اور گبین جبہ سوات میں کائیٹ پراجیکٹ کی زیرنگرانی بنائے گئے ریسکیو سنٹرز میں ایمبولنس میں اضافہ کرنے، ریسکیو اہلکاروں کی تعداد میں اضافے اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا جس پر ریسکیو سربراہ نے فوری عملدرآمد کا یقین دلایا۔

اس موقع پر برکت اللہ مروت ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے بتایا کہ سیاحتی مقامات پر تعینات ٹورازم پولیس پہلے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کیساتھ مل کر سیاحوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے تاہم فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی جیسی سہولیات سے سیاحوں کو ون ونڈو سہولت میسر ہوگی۔ ریسکیو حکام نے ادارے کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرنے اور اہلکاروں کی مناسبت حوصلہ افزائی پر مشیر سیاحت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وسائل کی دستیابی پر مزید سیاحتی مقامات پر بھی ریسکیو ٹیموں، ایمبولینس اور بوٹس کی تعیناتی کے علاؤہ فرسٹ ایڈ خدمات میں اضافہ کیا جائے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں