مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت ایلمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اور خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کا اجلاس

منگل 30 اپریل 2024 20:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت ایلمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اور خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری فنانس خدا بخش، ایڈیشنل سیکرٹری عبداللہ اکرام اور چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید ثقلین گیلانی اور ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈاکٹر ثانیہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت (ری یوز) کتابوں کے دوبارہ استعمال کی پالیسی کو کامیاب قرار دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں رواں سال کیلئے 3 کروڑ 40 لاکھ کتابوں کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پچھلے سال 5 کروڑ 63 لاکھ کتابوں کی چھپائی ہوئی تھی اس طرح امسال کتابوں کے دوبارہ استعمال (ری یوز پالیسی) سے صوبے کو4 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے دوران اجلاس کہا کہ صوبے میں نئی اور پرانی درسی کتابوں کی خرید وفروخت پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کو درسی کتابوں کی چھپائی کے پیسے بھی بروقت ریلیز کئے جائیں گے تاکہ طلبہ کو درسی کتب بر وقت دستیاب ہو ں۔مزمل اسلم نے کہا کہ اگلے تعلیمی سال سے سکول اساتذہ اور طلباء کو کتابیں بہترین حالت میں رکھنے پر تحائف بھی دئیے جائیں گے تاکہ ان میں کتابں کو بہتر اور درست حالت میں رکھنے کا رجحان پیدا ہو۔مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کتابوں کی کامیاب ری یوز پالیسی پر ایلمینٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اور چیرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں