وزیرِاعظم محمد شہبازشریف سے وزیرخارجہ ترکیہ کی اسلام آباد میں ملاقات

دونوں ممالک کا مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم، تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لایا جائے گا، وزیراعظم کی ترک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے دعوت دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 مئی 2024 18:39

وزیرِاعظم محمد شہبازشریف سے وزیرخارجہ ترکیہ کی اسلام آباد میں ملاقات
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024 ) پاکستان اور ترکیہ نے تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کا عزم کیا ہے، دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے آج ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہقان فدان کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ پاکستان اور ترکیہ کے مابین خصوصی اہمیت کے حامل برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے دونون ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں، وزیرِاعظم نے آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے دعوت دے رہے ہیں۔ عالمی و علاقائی حالات بالخصوص غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی۔ وزیرِاعظم نے ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان کی مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کی بھی تعریف کی۔

وزیرِاعظم نے مشرقِ وسطی میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔ وزیرِاعظم نے ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو ہائی لیول اسٹریٹجک کواپریشن کونسل کے 7 وین اعلی سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کی قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید برآں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک نے گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ممالک نے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر قائم گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیر خارجہ حکان فدان نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔خیال رہے کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ گزشتہ روز دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ احمد نسیم وڑائچ نے ایئرپورٹ پر مہمان وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ ترک وزیر خارجہ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی تفصیلی گفتگو کریں گے، فریقین دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں