مشیربرائے صحت احتشام علی کا مردان میڈیکل کمپلیکس میں جدید کیتھ لیب کا افتتاح

اتوار 3 اگست 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں جدید سہولیات سے آراستہ کیتھ لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، ہسپتال انتظامیہ اور عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔کیتھ لیب کے قیام سے مردان، چارسدہ، صوابی، بونیر اور دیگر ملحقہ اضلاع کے دل کے مریضوں کو اب پشاور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انجیوگرافی، سٹنٹ پاس کرنے، اور دل کی دیگر پیچیدہ بیماریوں کی جدید تشخیص و علاج کی سہولت اب مردان میڈیکل کمپلیکس میں دستیاب ہوگی۔مشیر صحت نے بتایا کہ کیتھ لیب میں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات صحت کارڈ کے تحت عوام کو بالکل مفت مہیا کی جائیں گی۔ اس منصوبے سے پشاور کے بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا جبکہ عوام کو مقامی سطح پر معیاری علاج میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مردان میں پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سٹیلائٹ سنٹر 5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے جو دل کے مریضوں کیلئے ایک بڑا ریلیف ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ژوندون کارڈ کے تحت ادویات کی خریداری اور رجسٹریشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔مشیر صحت نے اس موقع پر ایم ایم سی میں دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو عوامی فلاح کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں