عوامی رابطہ مہم: عمران خان کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے، ڈاکٹر شفقت ایاز

اتوار 3 اگست 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کے حجرے ،کوٹ، درگئی میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں حلقہ PK-24 کے معزز مشران، نوجوانوں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں 5 اگست 2025 کو بانی پی ٹی ٓئی عمران خان کی رہائی اور پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے ہونے والے احتجاج پر مشاورت کی گئی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ 5 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے اور عمران خان کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی آواز ہے اور عمران خان کا پیغام ہر در تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبہ بھر میں عوامی رابطہ مہم جاری ہے، جس کا مقصد پارٹی کے نظریے، شفافیت، اور انصاف کے منشور کو عوام تک پہنچانا ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے، اور اب وقت ہے کہ ہم اس اعتماد کا حق ادا کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے اپنا آئینی اور جمہوری حق ادا کریں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے عمران خان کی رہائی، عدلیہ کی آزادی، اور پاکستان کی خودمختاری کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں