موجودہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی

اتوار 23 ستمبر 2018 20:50

کوئٹہ۔ 23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی ایسی ہونی چاہیے جس کا فائدہ عام آدمی کو ملے۔ عوام کے پیسے کمیشن اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ چاغی کے تمام علاقوں کے مسائل یکساں اور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین بازار کا دورہ کے موقع پر عام لوگوں، تاجروں، ہندو پنچائیت، طلباء اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے دالبندین بازار کی قصاب مارکیٹ، بکرا منڈی، ہندو محلہ، لندن روڈ، مین بازار، گورنمنٹ مرکزی بوائز ہائی اسکول اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے دالبندین بازار میں مذبح خانہ اور کشادہ بکرا منڈی کے قیام، صفائی و نکاسی آب بہتر بنانے، اسکول و کالجز میں اساتذہ کی کمی دور کرنے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ مسائل چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے ان کو حل کرکے ہی دم لیں گے تاکہ دہائیوں سے نظر انداز کیئے جانے والے معاملات کو بہتر کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی کے اکثر علاقوں کا دورہ کرنے کامقصد یہی ہے کہ دستیاب وسائل میں درپیش مسائل کو ہر ممکن طریقے سے حل کیا جاسکے۔اس موقع پر سردارزادہ عمیر محمدحسنی ودیگر قبائلی عمائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں